عمار ابنِ ضیاء
کراچی، پاکستان

آپ کو ابنِ ضیاء ڈاٹ کام پر خوش آمدید۔

میں کراچی سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان ہوں جس کے حوصلے بلند، عزائم پختہ اور منزل روشن ہے۔ مجھے اپنے دین، اپنے مذہب، اپنے وطن، اپنی زبان اور ان سے منسلک ہر شے سے محبت ہے۔ میں اپنے معبودِ حقیقی کے سامنے سر جھکاتا ہوں کہ جو کچھ میرے پاس ہے، وہ سب اُسی کی عطا ہے، میری کوئی حیثیت نہیں۔ اُسی اللہ ربّ العزت کا احسان ہے کہ مجھے مسلمان اور اپنے پیارے نبی خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم کی اُمت میں پیدا کیا۔ میں جب جب اپنے قائد، قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار کے پاس سے گزرتا ہوں، انہیں سلام کرتا ہوں کیوں کہ ان کی قائدانہ صلاحیت نے وہ کارنامہ انجام دیا کہ آج میری پہچان میرا ’’پاکستانی‘‘ ہونا ہے۔ میں جب کبھی اُردو زبان کی تعریف سنتا ہوں، مجھے خوشی ہوتی ہے کیوں کہ یہ میری زبان ہے۔ میری اپنی۔۔۔ میرے اپنے دیس کی قومی زبان۔

اس ویب سائٹ کی تخلیق اور بلاگ لکھنے کا مقصد اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار، اپنے مشاہدات کو تحریر میں لانا اور انٹرنیٹ کی دنیا میں اردو زبان کی ترویج اور فروغ میں اپنا معمولی سا حصہ ملانا ہے۔ اپنے بلاگ کے علاوہ میں منظرنامہ، Urdu Lyrics، اور دیگر سائٹس پر بھی کچھ نہ کچھ لکھنے کی کوشش کرتا رہتا ہوں۔

سال 2009ء میں میرا داخلہ جامعہ کراچی کے شعبۂ تعلیم میں ہوا۔ یوں اب میں غمِ روزگار کے ساتھ ساتھ اپنا تعلیمی سلسلہ بھی جاری رکھ رہا ہوں۔ میرے گھر والوں اور مستقبل کے سسرال والوں کو میری شادی کی کچھ جلدی ہے۔ میری کوشش ہے کہ خاطر خواہ تعلیم مکمل ہونے تک اُنہیں ٹالے رکھوں :) مجھے اُمید ہے کہ آپ لوگوں کی دعائیں اور نیک خواہشات ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔